تہران،یکم جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایران کی سیاسی اور عسکری قیادت کی طرف سے پڑوسی ملکوں کے خلاف جارحانہ اور اشتعال انگیز بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے کی تازہ کڑی ایرانی وزیردفاع حسین دھقان کا وہ بیان ہے جس میں انہوں نے پڑوسی ملکوں اور امریکا کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حسین دھقان نے ایک دھمکی آمیز بیان میں کہا ہے کہ ایران کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تو پڑوسی ملکوں اور امریکا کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یران کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام اور عرب اسلامی اتحاد کی طرف سے خطرے کی صورت میں عراقی شیعہ ملیشیا الحشد الشعبی ہمارے مخالفین کو جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ ایران میں اصلاح پسند لیڈر ڈاکٹر حسن روحانی کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے باوجود تہران کی پڑوسی ملکوں کے خلاف پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ایران نہ صرف پڑوسی ملکوں کے خلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیزبیان بازی جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ پڑوسی عرب ملکوں میں کھلم کھلا مداخلت کا بھی مرتکب ہے۔ ایران میں اصلاح پسند حکومت آنے کے بعد بھی ایرانی رجیم اپنی معاندانہ سرگرمیوں سے باز نہیں آئی۔
ایرانی وزیر دفاع کا پڑوسی ملکوں کے خلاف اشتعال انگیز بیان ایران کی متعدد نیوز ویب سائیٹ نے نقل کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دیزفول شہر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دھقان نے کہا کہ ایران کو خطرے میں ڈالنے کی تمام سازشوں کو بری طرح ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے ایران کو ایک بڑی علاقائی طاقت باور کرانے کی کوشش کی اور کہا کہ ایران کی طاقت کو کمزور کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔ایران کے دفاعی اور میزائل پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے حسین دھقان نے کہا کی تہران بیلسٹک میزائلوں کی تیاری جاری رکھے گا اور ان کی رینج تین ہزار کلو میٹرتک بڑھائی جائے گی۔ایرانی وزیر دفاع نے اپنی تقریر میں عراقی شیعہ ملیشیا الحشد الشعبی کو سعودی عرب کی قیادت میں قائم کردہ عرب، اسلامی عسکری اتحاد کی جانب سے لاحق خطرات کے دفاع کے لیے ایران کی موثرقوت کے طور پر تسلیم کیا ہے۔